i پاکستان

بھارت کو ہر محاذ پر ہزیمت کا سامنا ، لاہور سمیت پنجاب میں 3 بھارتی جاسوس ڈرونز تباہ کردئیے گئے ، سندھ کے شہر ڈہرکی میں کھیت میں ڈرون گرنے سے کسان شہید،بیٹازخمیتازترین

May 08, 2025

بھارت کو ہر محاذ پر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں بھارت کے 3 جاسوس ڈرون تباہ کرد ئیے گئے جبکہ سندھ کے شہر ڈہرکی میں ڈرون کھیت میں گر کر تباہ ہوا، جس کے نتیجے میں باپ جاں بحق اور بیٹا زخمی ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق لاہور میں والٹن روڈ پر ایئرپورٹ کے قریب بھارت کی جانب سے اہم سکیورٹی ادارے کے دفتر کو ڈرون کی مدد سے اڑانے کی ناکام کوشش کی گئی، ڈرون کو قریب آتے دیکھ کر سکیورٹی اداروں نے فوری کارروائی کی۔پولیس کے مطابق 5 سے 6 فٹ کی پیمائش کا ڈرون سرحد پار سے آپریٹ کیا جارہا تھا، جسے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جام کرکے مار گرادیاگیا ، یہ بھارتی ڈرون حساس مقامات کی جاسوسی کے لیے اڑایا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی شخص زخمی ہوا، تاہم عمارت کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے، واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ادھر گوجرانوالہ کی حدود میں آنے والا بھارتی ڈرون بھی مار گرایا گیا گوجرانوالہ میں جمعرات کی صبح دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد کینٹ کے علاقے میں نصب ایئر ڈیفنس سسٹم متحرک ہوگیا اور ایک بھارتی ڈرون کو نشانہ بنا کر مار گرایا۔

عسکری ذرائع کے مطابق یہ آوازیں اس وقت سنائی دیں جب ایک بھارتی ڈرون نے انتہائی اونچی پرواز کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے گوجرانوالہ کینٹ کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرون شہر کے فضائی حدود میں داخل ہوا تو کینٹ ایریا میں نصب ایئر ڈیفنس نظام نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے اسے نشانہ بنایا۔ عسکری ذرائع کے مطابق یہ کارروائی گوجرانوالہ کینٹ کے قریب کی گئی۔ ذرائع کے مطابق انڈین ڈرون انتہائی اونچی پرواز گوجرانوالہ کینٹ کے قریب آرہا تھا کہ ایئر ڈیفنس سسٹم متحرک ہو گیا اور ایئر ڈیفنس سسٹم کی طرف سے ہونے والے دو فائر میں ڈرون گر گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈرون گجرات کے قریبی گائوں ڈنگہ کے قریب گرا ہے، ڈرون کے ملبہ کی اطلاع پر پولیس سمیت قانون نافذ کرنیوالے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور گائوں پیر جھنڈ کے کھیتوں سے ڈرون کا ملبہ قبضہ میں لے لیا گیا جس کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں کہ ڈرون کس ساخت کا تھا، تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس کے مطابق ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ وہ ہوٹل پر بیٹھے کھانا کھارہے تھے کہ اچانک ایک دھماکا سنا جس کے بعد آسمان پر سرخ روشنی ہوگئی اور کوئی چیز نیچے گرتی دکھائی دی۔تاہم جیسے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں وہاں پہنچیں تو کچھ ٹکڑے دکھائی دئیے جو بظاہر ایک ڈرون یا ڈیوائس پھٹنے کے ہیں۔ا س کے علاوہ چکوال کے تھانہ ڈوہمن کی حدود میں مبینہ طور پر بھارت کا جاسوس ڈرون کھیتوں میں گر کر تباہ ہوگیا، پی اے ایف کے ماہرین کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی، ڈرون طیارے کی شناخت کے لیے معائنہ کیا جا رہا ہے، قانون نافذ کرنے والیاداروں نے علاقے کو چاروں طرف سے سیل کر دیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ڈرون کے ملبے کو قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی ادارے موقع پر پہنچ گئے تھے۔ دورسی جانب سندھ کے ضلع گھوٹکی کی تحصیل ڈہرکی میں ڈرون کھیت میں گر کر تباہ ہوگیا، ڈرون علی الصبح 4 بجے گرا، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا سنا گیا، اس واقعے میں 2 کسان زخمی ہوئے، جن میں سے ایک مختیار احمد (والد) دم توڑ گیا، جب کہ (بیٹا ) عیدن زخمی ہوا ہے۔واقعہ بھارت کی سرحد سے متصل تھانہ کھنجو کی حدود سرفراز لغاری کے علاقے میں پیش آیا، ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی