وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کو اس کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے انکے 5 طیارے اور ایک ڈرون کو مار گرایا ہے، پاکستانی فوج نے دشمن کی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا، بھارت نے سفید جھنڈالہرا کر اپنی شکست تسلیم کرلی ہے، بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔ملکی و عالمی نشریاتی اداروں کو دئیے گئے انٹرویوزمیں عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ سفید جھنڈا لہرانا بھارتی میڈیا کی بھی شکست ہے، بھارت تحقیقات سے ہمیشہ بھاگتا رہا، بدلہ لینے آیا اور بھاگ گیا۔انہوں نے کہا کہ نے ملکی اور عالمی میڈیا کے ساتھ مریدکے اور بہاولپور جانا تھا، بزدل دشمن نے مساجد، خواتین اور بچوں کو نقصان پہنچایا۔ عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ہمیں پہلگام ڈرامے کے بعد بھارت کی جانب سے حملے کا خدشہ تھاتاہم بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔
بھارت نے پاکستان کے 5 مقامات پر حملہ کیا، بھارتی حملوں میں خواتین اور بچے جاں بحق ہوئے، نقصان کاجائزہ لیا جا رہا ہے تاہم بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔وزیر اطلاعات نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جارحیت میں کبھی پہل نہیں کی لیکن اپنے دفاع کیلئے جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔ عطااللہ تارڑ نے بتایا کہ بھارت کے پاس پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں، پہلگام کا علاقہ لائن آف کنٹرول سے 200 کلو میٹر دور ہے، غیر ملکی اور مقامی صحافیوں کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کرایا، ان مقامات کے بارے میں بھارت کا الزام تھاکہ وہاں دہشت گردوں کے کیمپ ہیں، پہلگام واقعہ بھارتی سکیورٹی فورسز کی ناکامی ہے۔
عطا اللہ کا کہنا تھا پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ ہے، ہم اپنے مغربی علاقوں اور سرحدوں پر دہشت گردوں سے لڑ رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے 90 ہزار جانیں قربان کیں، جعفر ایکسپریس واقعہ ہوا تو بھارت نے اس کی مذمت تک نہیں کی، بھارت خود دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے، بھارت نے امریکا، کینیڈا اور آسٹریلیا میں سکھوں کا قتل عام کیا۔ عطااللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت کے خلاف دہشت گردی میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں، کلبھوشن یادیو بھارت کا نیول آفیسر ہے جو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھا،کلبھوشن پاکستان کے پاس بھارت کے خلاف ایک ٹھوس ثبوت ہے۔انھوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے سفارتی محاذ پر کئی ممالک کے سفرا سے ملاقات کی، پاکستان نے پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
دریں اثنا وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں بھارت کے 5 طیارے مار گرائے اور بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کردیا۔ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے تصدیق کی ہیکہ پاکستان نے بھارت کے 5 جنگی جہاز مار گرائے ہیں جب کہ پاکستانی فضائیہ کے تمام جہاز محفوظ ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں کارروائی میں برتری حاصل کرلی ہے۔ بھارت نے جس طرح حملہ کیا اسے اس سے بڑھ کر جواب دیں گے۔ دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کے مطابق کوٹ کٹھیرا سیکٹر میں دشمن کی سرلیا ون چیک پوسٹ کو تباہ کیا گیا ہے۔ دشمن کی پوسٹ کو مارٹر گولے سے نشانہ بنایا گیا۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت کا پاک فوج اسی کی زبان میں جواب دے رہی ہے، پاکستانی افواج کی کارروائیوں میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔قبل ازیں پاکستانی حملے میں تباہ ہونے والے بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی۔ پاک فوج نے بھارتی فوج کی 12 انفنٹری بریگیڈ 9 ڈویژن کو تباہ کیا تھا جو 15 کور کے زیر کمان ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی