i پاکستان

بھارت سے جنگ میں فتح کے بعد پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند ہوا،رضوان سعید شیختازترین

January 03, 2026

امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ بھارت سے جنگ میں فتح کے بعد پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند ہوا،پاکستان اور امریکا جب بھی کسی مہم پر اکٹھے چلے تو اس کا مقصد نتیجہ خیز نکلا،دونوں ملک دنیا میں قیام امن کیلئے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ بین الاقوامی سلامتی کیلئے پاکستان نے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا۔ ایک سوال کے جواب میں رضوان سعید کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال پاک امریکا تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے، دونوں ملکوں کی اعلی قیادت کے مابین متعدد روابط قائم ہوئے، اور پاکستان کی اس کامیاب سفارت کاری کا کریڈٹ قیادت کو جاتا ہے۔

بھارت سے جنگ میں فتح کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے،پاکستان کو جو مقام ملا پہلے کبھی نہیں ملا ۔رضوان سعید شیخ نے مزید کہا کہ سفارتکاری میں خود ایک مشیر کے طور پر کام کر رہا ہوں، آج کے دور میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہے۔پاکستان کی امریکا کے ساتھ طویل شراکت داری ہے، امریکا میں پاکستان کی سفارتکاری کامیابی سے جاری ہے اور مستقبل میں پاک امریکا شراکت داری میں مزید بہتری آئے گی۔ رضوان شیخ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا دنیا میں آبادی کے لحاظ سے 5 بڑے ملکوں میں شامل ہیں، اس لئے ان میں قریبی اور اچھے تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی