i پاکستان

بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات انتہائی تشویشناک ذہنیت کی عکاسی ، امن کی بجائے دشمنی کو ترجیح دیتے ہیں، پاکستانتازترین

June 02, 2025

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی قیادت کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات انتہائی تشویشناک ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں اور امن کی بجائے دشمنی کو ترجیح دیتے ہیں۔ بھارتی رہنمائوں اور بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو علاقائی عدم استحکام کا سبب بنا کر پیش کرنا حقیقت سے بالاتر ہے، عالمی برادری بھارت کے جارحانہ رویے سے واقف ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردی کو سپورٹ کرتا ہے، بھارت دہشتگردی کے حقائق کو کھوکھلے بیانیے اور ہتھکنڈوں سے چھپا نہیں سکتا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر خطے کے امن و استحکام کو خطرہ میں ڈالنے والا بنیادی مسئلہ ہے، اس بنیادی مسئلے کو نظرانداز کرنا خطے کو بداعتمادی اور ممکنہ تصادم کی راہ پر ڈالنے کے مترادف ہے، پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کی وکالت کرتا رہے گا۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت دھمکیوں اور غلط بیانی سے اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکتا، پاکستان امن اور تعمیری مصروفیات کیلئے پرعزم ہے، پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری اور دفاع کیلئے پرعزم ہے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے سنجیدگی، ضبط اور تنازعات کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی