وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بیوہ خواتین کو محض ہمدردی نہیں، حق اور سہارا بھی دے رہے ہیں۔بیوہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک پراثر پیغام میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دین اسلام نے بیوہ خواتین کو عزت، وقار اور مکمل حقوق کی ترغیب دی ہے اور معاشرے کی ذمے داری ہے کہ وہ ان خواتین کو تنہا نہ چھوڑے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر، غزہ اور اب ایران میں جاری جنگوں کے نتیجے میں بیوہ ہونے والی خواتین عالمی ضمیر کیلئے ایک چبھتا ہوا سوال ہیں اور ان کی تکالیف کو صرف ہمدردی نہیں بلکہ عملی سہارا دینا ناگزیر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت بیوہ خواتین اور سنگل مدرز کو خصوصی ترجیح دے رہی ہے تاکہ وہ باعزت زندگی گزار سکیں، اس کے علاوہ ان خواتین کے بچوں کو ہونہار سکالرشپ پروگرام میں بھی ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جا رہا ہے تاکہ تعلیم کی راہ میں رکاوٹیں نہ آئیں۔مریم نواز نے مزید کہا کہ ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اور محکمہ سوشل ویلفیئر کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ بیوہ خواتین کی مکمل معاونت کو یقینی بنائیں اور انہیں ہر ممکن سرکاری مدد فراہم کریں، میرا عزم ہے کہ پنجاب کی کوئی بیوہ خود کو اکیلا محسوس نہ کرے، ریاست کو ہر لمحہ اپنے ساتھ کھڑا پائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی