i پاکستان

بجٹ میں بانی پی ٹی آئی کی رائے اور وژن کو شامل کرنا آئینی، سیاسی اور اخلاقی طور پر ضروری ہے،بیرسٹر سیفتازترین

June 13, 2025

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ جیسے اہم اور قومی نوعیت کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ناگزیر ہے، تاہم خیبرپختونخوا کی قیادت کو اپنے قائد سے ملاقات کی اجازت نہ دینا بدنیتی کی بدترین مثال ہے۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ جعلی حکومت کی بدنیتی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ بانی پی ٹی آئی وہ رہنما ہیں جن کے نظریے اور وژن کو عوام نے ووٹ دے کر منتخب کیا۔ بجٹ میں ان کی رائے اور وژن کو شامل کرنا آئینی، سیاسی اور اخلاقی طور پر ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے عوام کو ان کے اصل مینڈیٹ کی سزا دے رہی ہے اور چوری شدہ مینڈیٹ پر اقتدار میں بیٹھ کر جمہوریت کا مذاق اڑا رہی ہے۔ یہ رویہ نہ صرف آئین کی روح کے منافی ہے بلکہ قومی یکجہتی کے بھی خلاف ہے۔ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلی اور دیگر قیادت کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے روکنا عوامی مینڈیٹ کی توہین، عدلیہ کے فیصلوں کی کھلی خلاف ورزی اور سیاسی انتقام کی بدترین شکل ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیبرپختونخوا کی قیادت کو فوری طور پر اپنے قائد سے ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ بجٹ میں عوام کے منتخب نمائندوں کی آواز شامل ہو اور صوبے کے عوام کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی