ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا۔ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ ہوگیا جس سے مختلف شہروں میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ جاری ہے۔کراچی کے متعدد علاقوں میں 10،10 گھنٹے بجلی غائب ہے ۔شہر کے گنجان آباد علاقوں بالخصوص لیاری، گارڈن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ملیر، کورنگی، لانڈھی، منگھوپیر، سرجانی اور اورنگی ٹائو ن میں بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کا دن کا سکون اور رات کی نیند چھین لی ہے۔سب سے زیادہ افسوسناک صورتحال امتحانی مراکز کی ہے، جہاں میٹرک کے امتحانات کے دوران بجلی کی بندش سے طلبہ شدید حبس اور گرمی میں پرچے دینے پر مجبور ہیں، جس سے ان کی صحت اور کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔
ادھر راولپنڈی میں بھی 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی 6،6 گھنٹے بجلی سے محروم ہے اور لاہور کے علاقوں میں 5 سے 6 گھنٹے تک بجلی غائب ہے۔ پشاور کے شہری علاقوں میں 6 گھنٹے اور نواحی علاقوں میں 14 گھنٹے تک بجلی بند رہی۔ وزارتِ توانائی نے صنعتوں کو بھی لوڈشیدنگ میں شامل کرلیا اور بند پاور پلانٹس دوبارہ چلانے پر غور کیا جارہا ہے۔وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کا اعلان کیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی