i پاکستان

بلوچستان، عیدالاضحی کے دنوں میں ہیٹ ویو کی پیشگوئیتازترین

June 05, 2025

بلوچستان میں عیدالاضحی کے دنوں میں ہیٹ ویو کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق عید الاضحی کے دنوں میں بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت انتہائی گرم رہنے کا امکان ہے۔ سبی، نصیرآباد، اوستہ محمد، صحبت پور، جعفرآباد میں درجہ حرارت 7 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اسی طرح ڈیرہ بگٹی، دکی، ہرنائی، جھل مگسی، کچھی، چاغی، واشک، خاران اور کیچ میں بھی موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ، خضدار، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ میں درجہ حرارت معمول سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان جبکہ پشین، لورالائی، ژوب، بارکھان، موسی خیل اور شیرانی میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بڑھتا ہوا درجہ حرارت چاغی میں دھول کا طوفان اور آندھی پیدا کر سکتا ہے جبکہ واشک، خاران، کیچ، پنجگور، سبی،کوئٹہ، سوراب، مستونگ اور نوشکی میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے ہفتے کی شام تک جیوانی، گوادر، پسنی اور اورماڑہ میں تیز سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی