i پاکستان

بلوچستان، کوہلو میں دوبارہ پولنگ کے دوران ڈیوٹی نہ کرنے پر 28 لیویز اہلکار برطرفتازترین

April 27, 2024

بلوچستان کے ضلع کوہلو میں صوبائی اسمبلی کے حلقے پی بی 9 میں دوبارہ پولنگ کے دوران ڈیوٹیاں ادا کرنے میں غفلت پر حکومت نے لیویز فورس کے 28 اہلکاروں کو برطرف کر دیا، جس میں نائب ریسالدار، 5 کانسٹیبل اور 22 جوان شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر کوہلو نقیب اللہ کاکڑ کی جانب سے فیصلے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے حکم پر 24 اپریل کو شیڈول 4 پولنگ اسٹیشنز پر انتخابات کے لیے ان اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا تاکہ سیکیورٹی کو یقینی بناسکیں۔ تاہم، یہ اہلکار متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر رپورٹ کرنے میں ناکام رہے، جہاں پولنگ کا عمل مختلف پرتشدد واقعات کے سبب شدید متاثر ہوا، جبکہ حملوں، سڑک پر بارودی سرنگ کے دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں پولنگ کا عملہ نہیں پہنچ سکا تھا۔ نقیب اللہ کاکڑ نے بتایا کہ تحقیقات کی گئیں تو یہ اہلکار اپنی ڈیوٹی پر پہنچنے میں ناکام رہنے کی وجوہات نہیں بتاسکے، انہیں فوری طور پر ملازمت سے برطرف کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت تادیبی کارروائیاں شروع کی گئیں، اور زور دیا کہ جان و مال کے تحفظ میں غفلت برتنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی