خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میںیکے بعد دیگرے دو دھماکوں میں کم ازکم7 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ڈی پی او یاسر آفریدی نے بتایا کہ سڑک کنارے نصب بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا جس کی زد میں ایک مسافر وین آگئی ۔مسافر وین گائوں ہاتھی خیل سے بنوں آ رہی تھی۔ وین میں سوار 5افراد جاں بحق ہو گئے ۔ڈی پی او کے مطابق اس کے کچھ ہی دیر بعد دوسرا دھماکا ہو گیا، جس کی زد میں آکر امدادی کارروائی کرنے والے 2 افراد بھی جاں بحق ہو گئے۔ڈی پی او یاسر آفریدی کے مطابق دوسرے دھماکے سے ایک گاڑی بھی متاثر ہوئی، لاشوں اور زخمیوں کوخلیفہ گل نواز ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ دھماکے میں تحصیلدار سب ڈویژن وزیر عابد اللہ کی گاڑی بھی زد میں آئی، جسے نقصان پہنچا، تاہم وہ خود محفوظ رہے۔ زخمیوں میں بعض افراد کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔کچے اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کے باعث متاثرین کو مقامی اسپتال منتقل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سکیورٹی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کرکے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہونے والوں کے درجاتِ بلندی، لواحقین کیلئے صبرِ جمیل اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کی دعا کی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات عمل میں لائی جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی انسانیت، پاکستان کے امن اور استحکام کے خلاف ایک گھنائونی سازش ہے اور ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو ہرگز متزلزل نہیں کر سکتیں۔شہبازشریف نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے گی اور ریاست دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں پوری قوم کی امانت ہیں، ان کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔دریں اثنا وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیر داخلہ نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ درندہ صفت خارجی کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں، تاہم قوم اور ریاست مل کر ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں مزید مثر بنائی جائیں گی اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی