i پاکستان

بشری بی بی کی شوہر کی جیل میں سکیورٹی کیلئے دائر درخواست پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتویتازترین

October 05, 2023

بشری بی بی کی اپنے شوہر کی جیل میں سکیورٹی اور تحفظ کے لیے دائر درخواست پر سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے بشری بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔ بشری بی بی کے وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت سے استدعا کی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کا کھانا فراہم کرنے کی اجازت دی جائے، چیئرمین پی ٹی آئی کو جس سیل میں رکھا گیا ہے وہاں نماز بھی بمشکل ادا کی جا سکتی ہے۔وکیل لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ ہماری تاریخ رہی ہے کہ جو بھی صدر یا وزیراعظم بنے وہ بعد میں اڈیالہ اور اٹک جیل کا مہمان بنتا ہے۔ دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ جو گنجائش اور جو کچھ عدالت کرسکتی ہے اس پر میں آرڈر کردوں گا۔ بعدازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی