i پاکستان

چھٹیاں ختم، اسلام آباد سمیت ملک کے چاروں صوبوں میں تعلیمی ادارے کھل گئے،مختلف صوبوں کے تعلیمی اداروں میں مختلف اوقات کار جاریتازترین

April 01, 2026

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے چاروں صوبوں میں تعلیمی ادارے 21 روزہ تعطیلات کے بعد بدھ کو دوبارہ کھل گئے۔ مختلف صوبوں کے تعلیمی اداروں میں مختلف اوقات کار جاری کئے گئے ہیں، متعدد اداروں میں نئے تعلیمی سال کا آغاز بھی ہو رہا ہے۔ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بھی جامعات میں تعلیمی سرگرمیوں کی اجازت دے دی، جس کا مراسلہ ارسال کر دیا گیا۔یاد رہے کہ کفایت شعاری مہم کے پیش نظر 10 مارچ سے آن لائن کلاسز شروع کی گئی تھیں۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ یکم اپریل سے صوبے بھر میں تعلیمی سلسلہ معمول کے مطابق بحال ہو گیا ہے اور تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل حسب معمول جاری رہے گا۔وزیر تعلیم کے مطابق سکولوں اور کالجوں میں ہفتہ وار پانچ دن کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ طلبہ کی تعلیم کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے حوالے سے درپیش مشکلات اور رکاوٹوں کو مشترکہ کوششوں سے عبور کرنا ہوگا، جبکہ تعلیمی نقصانات کے ازالے کے لیے پالیسیوں پر نظرثانی بھی کی جائے گی۔وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ طلبہ کو تعلیمی نقصان سے بچانے کے لیے نئی حکمت عملی وضع کرنے پر مشاورت جاری ہے، جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ادھر کراچی سمیت سندھ بھر میں سرکاری و نجی تعلیمی ادارے کھل گئے۔

کفایت شعاری مہم کے تحت 15 روزہ تعطیلات کے بعد سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل بحال ہو اہے ۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا تھا کہ اسکول، کالجز اور جامعات میں تدریسی عمل بحال ہو رہا ہے، آن لائن کلاسز کے بجائے فزیکل کلاسز ہوں گی، صوبے میں ہفتے کے دن تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔دوسری جانب پنجاب، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بھی سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں، ہفتے میں 5 دن فزیکل کلاسز ہوں گی۔ادھر خیبرپختونخوا میں کفایت شعاری مہم کے تحت سرکاری تعلیمی اداروں میں 4 روزہ ورکنگ ہفتہ ماڈل نافذ کر دیا گیا۔محکمہ ثانوی اور ابتدائی تعلیم خیبرپختونخوا نے نئے اوقات کار کا اعلامیہ جاری کردیا ہے، اعلامیے کے مطابق پشاور سمیت پورے صوبے میں جمعہ اور ہفتہ کو تعطیل ہوگی جبکہ نئے اوقات کار کا اطلاق یکم اپریل 2026 سے فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔محکمہ تعلیم کے مطابق اوقات کار میں یہ تبدیلی ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور سپلائی میں کمی کے باعث کی گئی ہے۔نئے شیڈول کے تحت پرائمری اسکول صبح 7:30 سے دوپہر 1:35 تک، مڈل اسکول صبح 7:30 سے دوپہر 2:35 تک جبکہ ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں چھٹی دوپہر 3:00 بجے ہوگی۔حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے اخراجات میں کمی کے ساتھ ساتھ تعلیمی نظام کو بہتر انداز میں چلانے میں بھی مدد ملے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی