i پاکستان

چیف الیکشن کمشنر، ممبران اور الیکشن کمشنر سندھ کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائرتازترین

February 27, 2024

سندھ ہائیکورٹ میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا، ممبران الیکشن کمیشن اور الیکشن کمشنر سندھ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی،پاکستان تحریک انصاف نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ کے تمام احکامات کی خلاف ورزی کر کے توہین عدالت کی ہے، الیکشن کمیشن فارم 45اور فارم 47کا تضاد دور نہیں کیا گیا۔دائر درخواست میں کہا گیا کہ عدالت نے 22فروری تک سب کو سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا لیکن الیکشن کمیشن نے سنے بغیر ہی 21فروری کو فیصلہ سنا دیا، عدالت نے تفصیلی فیصلہ جاری کرنے کا حکم دیا تھا لیکن ہمارے خلاف مختصر فیصلہ سنایا گیا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی