چین اور پاکستان کی کمپنیوں کے درمیان پاکستان میں مرچ کی پیداوار بڑھانے کیلئے بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے ،یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی اقتصادی شراکت داری کی نشاندہی کرتا ہے اور اس کا مقصد پاکستان میں زرعی کوششوں کو فروغ دینا ہے۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے جے ڈبلیو گروپ نے چنگ ڈا ایس سی او انٹرنیشنل ٹریڈ گروپ کمپنی اور چنگ ڈا پنپنزیاو فوڈ کمپنی کے ساتھ دستخط کیے۔ ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر تجارت، صنعت و پیداوار ڈاکٹر گوہر اعجاز اور پاکستانی سفارتخانے اور وزارت تجارت کے دیگر پاکستانی حکام نے شرکت کی۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق وزیر تجارت، صنعت و پیداوار ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ ایم او یو سے نہ صرف اس مقبول مصالحے کی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، زرعی طریقوں میں بہتری آئے گی اور پاکستان کی برآمدی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق ایم او یو کے تحت پاکستان مکمل پیکج قائم کرنے کے لیے کاشتکاری اور صنعت، لیبر اور دیگر متعلقہ سہولیات کے لیے زمین فراہم کرے گا جبکہ چین ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری فراہم کرے گا اور پاکستان سے مرچ خریدے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی