i پاکستان

چمن, پاسپورٹ کی شرط کیخلاف دھرنا، پولیس آپریشن میں متعدد افراد گرفتارتازترین

February 20, 2024

سفر کے لیے پاسپورٹ کی شرط پر چمن میں دھرنا مظاہرین کے خلاف پولیس نے آپریشن کرکے دھرنا ترجمان صادق اچکزئی سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔ نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان کے مطابق چمن میں قانون ہاتھ میں لینے اور پاسپورٹ آفس بلاک کرنے پر مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ملزمان کو گرفتار کیا۔ جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو گزشتہ چند ماہ سے پرامن احتجاج کرنے کی اجازت دی گئی تھی لیکن پاسپورٹ آفس کو بلاک کرنے اور اشتعال انگیز عمل کے بعد پولیس کو مداخلت کرنا پڑی۔نگراں وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ حکومتی دستاویز یعنی سفر کے لیے پاسپورٹ کی شرط ریاست کا فیصلہ ہے اور پاسپورٹ کی شرط کے نفاذ میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار افراد کو ایف سی قلعہ منتقل کر دیا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے آپریشن کے خلاف چمن پرلت کمیٹی کے جانب سے شہر میں مکمل شٹر ڈاون ہڑتال کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دھرنے کے شرکا نے کوڑک ٹاپ بند کر دی جبکہ شہر میں بھی تمام دوکانیں بند ہیں۔ حالات کشیدہ ہونے پر ایف سی کی بھاری نفری کو الرٹ کر دیا گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی