دفتر خارجہ کی جانب سے غزہ میں فوری جنگ بندی کے حوالے سے سلامتی کونسل میں قرارداد منظور کئے جانے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے سلامتی کونسل میں منظور کی گئی قرارداد میں ماہ رمضان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے، غزہ میں امداد کی فراہمی اور شہریوں کے تحفظ کے مطالبے کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان نے متعدد بار اسرائیل کی جانب سے طاقت کے اندھے استعمال کی مذمت کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی منظور کی گئی قرارداد پر تیزی سے عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہیں، امید ہے اسرائیل کے وحشیانہ حملے ختم اور مستقل جنگ بندی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ امید ہے یہ اقدام غزہ میں موجودہ سنگین انسانی صورتحال سے نمٹنے میں مدد فراہم کرے گا، پاکستان خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی