بھلوال اور اوستہ محمد میں فائرنگ کے واقعات میں مجموعی طور پر چھ افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دونوں واقعات دیرینہ دشمنیوں کا نتیجہ ہیں۔پولیس کے مطابق سرگودھا کی تحصیل بھلوال کے نواحی علاقے سالم میں دیرینہ دشمنی پر خون کی ہولی کھیلی گئی، جہاں ایک ڈیرے پر سوئے ہوئے افراد پر مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔افسوسناک واقعہ ڈیرہ ریاض مانگٹ پر پیش آیا، جہاں باپ بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں 25 سالہ نبیل، 52 سالہ محمد ریاض اور 35 سالہ عثمان شامل ہیں۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو 1122 کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا۔ اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہیواقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جب کہ حملے کے بعد ملزمان با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دئیے اور ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپا مار کارروائیوں کے ساتھ ساتھ مختلف پہلوں سے تفتیش کی جار ہی ہے۔ حکام کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم مکمل حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔دوسرا واقعہ اوستہ محمد کے قریب چانڈیہ قبیلے کے دو گروپوں کے درمیان پیش آیا۔ پرانا تنازع ایک بار پھر پرتشدد رخ اختیار کر گیا، جس کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کی گئی۔فائرنگ کے نتیجے میں علی گل، شیراز علی اور سرفراز چانڈیو جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ بھی دیرینہ دشمنی کا نتیجہ ہے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں کشیدگی برقرار ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کی تفتیش جاری ہے، اور جلد ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی