i پاکستان

دنیا کو بدلنے کیلئے وسائل نہیں بلکہ بڑے خیالات درکار ہوتے ہیں، مریم نوازتازترین

April 21, 2026

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کو بدلنے کیلئے بڑے وسائل نہیں بلکہ بڑے خیالات درکار ہوتے ہیں۔مریم نواز شریف نے عالمی یومِ تخلیق و جدت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کا مقصد ہمیں اپنی سوچ کو وسیع کرنے اور نئے خیالات کو اپنانے کا عہد کرنا چاہیے، انسانی ترقی، مسائل کے حل اور بہتر مستقبل کے لیے تخلیقی سوچ کی اہمیت کو سمجھنا ناگزیر ہے، جبکہ دوسروں کے خیالات کو سننا اور ٹیم ورک کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا جدت کو فروغ دیتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتیں اور جدت پسند امنگیں معاشرتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، ترقیاتی کاموں اور تعلیم کے شعبے میں ٹیکنالوجی اور جدت کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ دنیا کو بدلنے کے لیے بڑے وسائل نہیں بلکہ بڑے خیالات درکار ہوتے ہیں، اور خوش آئند بات یہ ہے کہ پاکستان میں نوجوان ای کامرس اور آٹیفیشل انٹیلیجنس کے میدان میں نمایاں پیش رفت کر رہے ہیں۔

وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ تخلیق محض پیدائشی صلاحیت نہیں بلکہ ایک عادت ہے جو محنت اور مواقع سے پروان چڑھتی ہے، حکومت پنجاب صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔مریم نواز نے کہا ہے کہ لاہور میں پنجاب کی تاریخ کا پہلا نواز شریف آئی ٹی سٹی قائم کیا جا رہا ہے، جبکہ گوگل کے تعاون سے ایک لاکھ سے زائد طلبہ کے لیے مفت سرٹیفکیشن کورسز کا آغاز بھی کیا گیا ہے، طلبہ کو آئی ٹی ٹیکنالوجیز کی تربیت دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں اور محکمہ صحت سمیت دیگر سرکاری اداروں میں سمارٹ آئی ٹی سسٹمز متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکٹرک بسوں کے اجرا سے پنجاب کے ٹرانسپورٹ کلچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، جبکہ لاہور سے راولپنڈی کے درمیان تیز رفتار ٹرین اور نئے لوکل روٹس کے ذریعے سفر کے نظام میں بھی جدت لائی جا رہی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی