فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین انسداد دہشت گردی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا اور ایران اسرائیل تنازع کے پر امن حل کی اہمیت پر زور دیا گیا ، صدر ٹرمپ نے مشکل علاقائی حالات میں فیلڈ مارشل عاصم منیرکی قیادت اورفیصلہ کن کردارکو سراہا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق وائٹ ہائوس اور اوول آفس میں ظہرانے پر ملاقا ت میں تجارت اور توانائی سمیت ایران اسرائیل تنازع اور دیگر کئی موضوعات پر اہم گفتگو ہوئی۔ امریکا کی طرف سے ملاقات میں صدر ٹرمپ کے ساتھ سیکرٹری خارجہ مارکو روبیو اور خصوصی نمائندہ برائے مشرق وسطی سٹیو ویٹکوف بھی موجود تھے جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر نے بھی شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق صدر ٹرمپ کے ساتھ فیلڈ مارشل کی ایران اسرائیل تنازع پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، دونوں رہنمائوں نے ایران اسرائیل تنازع کے پر امن حل کی اہمیت پر زور دیا۔فیلڈ مارشل نے پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے پاک بھارت کشیدگی کے بعد جنگ بندی میں مثبت اور نتیجہ خیز کردار ادا کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا
صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ اور فیصلہ کن صلاحیتوں کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی صدر ٹرمپ کی اقوام عالم کو درپیش چیلنجز کو سمجھنے اور ان سے نبرد آزما ہونے کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی جبکہ صدر ٹرمپ نے پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی کے حوالے سے جاری تعاون اور خطے میں پاکستان کی قیام امن کی کوششوں کو سراہا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین انسداد دہشت گردی میں تعاون کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، صدر ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ باہمی مفاد پر قائم مثبت تجارت کے معاہدے کا اظہار کیا، علاوہ ازیں امریکا اور پاکستان کے درمیان معاشی و تجارتی تعاون، مائنز اینڈ منرلز، آرٹیفیشل انٹیلی جینس، انرجی سیکٹر، کرپٹو کرنسی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صدر ٹرمپ کو حکومت پاکستان کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، پہلے سے طے شدہ ایک گھنٹہ دورانیہ کی یہ اہم ملاقات 2 گھنٹے تک جاری رہی۔ امریکی صدر اور فیلڈ مارشل کی اعلی سطح کی ملاقات کابینہ روم میں ظہرانے کے موقع پر ہوئی جس کے بعد اوول آفس کا دورہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات پاک امریکا دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانیکی کوششوں میں اہم سنگِ میل ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی