i پاکستان

فیصل آباد سے کراچی آنیوالی ٹرین سے 10 سالہ بچی اغوا، سب کو لسی پلا کر بے ہوش کیا گیاتازترین

June 02, 2025

فیصل آباد سے کراچی آنے والی ٹرین سے 10 سالہ بچی کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا، والدہ کے مطابق ملزمان نے سب کو لسی پلا کر بے ہوش کردیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فیصل آباد سے بذریعہ ٹرین کراچی آنے والی 10 سالہ عنایہ نامی بچی کو کراچی پہنچنے سے قبل مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔اس حوالے سے متاثرہ بچی کی والدہ شگفتہ بی بی کا کہنا ہے کہ 10سالہ عنایہ کو چار روز قبل کراچی پہنچنے سے قبل اغوا کیا گیا تھا، واقعے کا مقدمہ کراچی کینٹ اسٹیشن تھانے میں درج کرلیا گیا۔بچی کی والدہ نے بتایا کہ شالیمار ایکسپریس میں 3 بچوں کے ساتھ فیصل آباد سے کراچی آرہی تھی، سکھر اسٹیشن کے قریب مجھے اور بڑی بیٹی کو ساتھ موجود مسافروں نے لسی پلائی۔شگفتہ بی بی نے بتایا کہ لسی پیتے ہی مجھے نیند آگئی، لانڈھی اسٹیشن پہنچنے سے قبل آنکھ کھلی، تو دیکھا میری 10سالہ بیٹی موجود نہیں تھی، کیبن میں ساتھ سفر کرنے والے افراد بھی غائب تھے۔عنایہ کی والدہ کے مطابق یہ واقعہ 28مئی کو پیش آیا لیکن تاحال بچی کا کچھ پتا نہیں چل رہا، پولیس کی جانب سے بھی تاحال کوئی قابل ذکر کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی، بچی اغوا ہوئے 4 روز ہوگئے تاحال کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی