فیصل آباد میں معمولی گھریلو جھگڑے پر شوہر نے فائرنگ کر کے بیوی اور دو بیٹیوں کو قتل کر دیا اور قتل کی واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقے علی گارڈن میں گھریلو جھگڑے نے ہنستا بستا گھر اجاڑ دیا، جہاں ایک شخص نے اشتعال میں آ کر اپنی بیوی اور دو سگی بیٹیوں کو قتل کر دیا۔پولیس نے بتایا کہ ملزم جاوید اقبال کا اپنی 37 سالہ اہلیہ صائمہ کے ساتھ معمولی بات پر جھگڑا ہوا، جس پر ملزم نے آپے سے باہر ہو کر پستول سے اندھادھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں صائمہ اور اس کی دو بیٹیاں، 17 سالہ ام حبیبہ اور 13 سالہ عائشہ صدیقہ، گولیوں کی زد میں آ کر موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم تہرے قتل کی واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔مقتولین کی لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی