i پاکستان

غیر قانونی طریقوں سے بیرونِ ملک جانے یا قیام سے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں:سائپرس میں مقیم پاکستانیوں کیلئے انتباہ جاریتازترین

April 23, 2026

بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے سائپرس میں مقیم پاکستانیوں کیلئے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی طریقوں سے بیرونِ ملک جانے یا قیام کرنے سے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ ادارے کی جانب سے جاری کردہ آگاہی کارڈ کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قانونی راستے اپنائیں اور اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت یقینی بنائیں۔اعلامیے میں زور دیا گیا ہے کہ جعلی یا غیر قانونی ذرائع سے سفر کرنے سے گریز کیا جائے اور صرف مستند ویزا کے ذریعے بیرونِ ملک جایا جائے جبکہ سائپرس میں موجود پاکستانیوں کو وہاں کے قوانین کی مکمل پاسداری کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ بیورو کے مطابق سائپرس میں امیگریشن قوانین کے تحت صورتحال سخت ہوچکی ہے، اعداد و شمار کے مطابق 93 فیصد سے زائد پناہ کی درخواستیں مسترد کی جا رہی ہیں جو یورپ میں بلند ترین شرحوں میں شمار ہوتی ہے۔

مزید برآں بہت کم تعداد میں پناہ گزینوں کو اسٹیٹس دیا جا رہا ہے جبکہ سرحدی کنٹرول بھی مزید سخت کر دیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2025 کے دوران غیر ملکیوں کی ریکارڈ تعداد کو ملک بدر (ڈی پورٹ) کیا گیا، جس میں پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد غیر قانونی قیام کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کردی گئی ہے۔بیورو آف امیگریشن نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی دستاویزات مکمل اور درست رکھیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے اجتناب کریں، بصورت دیگر قانونی کارروائی اور ملک بدری جیسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ادارے نے مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے اپنی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی