i پاکستان

گندم فروخت کی حد کے خاتمے سے چھوٹے آبادگاروں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا، شرجیل میمنتازترین

April 21, 2026

سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گندم فروخت کی حد کا خاتمہ اور فی ایکڑ پانچ بوری کی شرط ختم کرنا ایک اہم ترین فیصلہ ہے، سندھ حکومت کے فیصلے سے چھوٹے آبادگاروں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔اپنے ایک بیان میں شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کاشتکار بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی پیداوار سرکاری مراکز پر فروخت کر سکیں گے، گندم کی امدادی قیمت 3,500 روپے مقرر کرنا اور خریداری کا ہدف 10 لاکھ میٹرک ٹن رکھنا حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مہم کو تیز کرنے اور کم خریداری والے اضلاع میں اقدامات کی ہدایات سے ہدف کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا

آبادگاروں کو ایک دن کے اندر سندھ بینک کے ذریعے فیول سبسڈی کی فراہمی شفافیت اور کارکردگی کی بہترین مثال ہے، اب تک کروڑوں روپے کی بروقت ادائیگیاں ہاریوں کے اعتماد میں اضافے کا سبب بنی ہیں۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران کو فیلڈ میں متحرک کیا گیا ہے تاکہ کسانوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، آبادگار اپنی گندم سرکاری خریداری مراکز پر فروخت کریں تاکہ انہیں فوری ادائیگی اور حکومتی سہولیات میسر آئیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت ہاریوں کے مفادات کے تحفظ اور صوبے کے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی