i پاکستان

گورنر پنجاب سے سعودی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیالتازترین

June 01, 2024

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاوس لاہور میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی جس کے دوران پاک سعودی تعلقات اور سعودی سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کا سعودی عرب سے محبت اور عقیدت کا رشتہ ہے، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی، سعودی عرب کا بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی مسلسل حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، صدر مملکت آصف علی زرداری اور موجودہ حکومت بیرونی سرمایہ کاری کو بڑھانے میں پرعزم ہے، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول ہے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی)غیرملکی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو پلیٹ فارم کے تحت سہولیات فراہم کر رہی ہے، مسلم امہ کو فلسطینی عوام پر اسرائیلی فوج کی بربریت اور جارحیت کے خلاف بین الاقوامی فورمز پر آواز اٹھانی چاہیے۔ اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے، سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی افرادی قوت کا کردار قابل تعریف ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی