گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور بدلتی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران توانائی، سلامتی، معدنی وسائل، سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار ترقی کے لیے تکنیکی تعاون اور ادارہ جاتی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا، اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے گورنر خیبرپختونخوا کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔جین میریٹ نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے تناظر میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
اس موقع پر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے اور دنیا بھر میں امن و استحکام کیلئے مکالمے اور سفارتکاری کے ذریعے روابط کو فروغ دینے کیکیلئے پرعزم ہے، پاکستان شروع دن سے ہی خطے میں پائیدار امن کے لیے مذاکراتی عمل پر یقین رکھتا ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا ہے کہ صوبے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں، تکنیکی ماہرین اور مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد برطانیہ میں خدمات انجام دے رہی ہے، اور برطانوی حکومت سے توقع ہے کہ خیبرپختونخوا کے باصلاحیت نوجوانوں کیلئے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی