وزیر اعظم شہبازشریف کی ہدایت پر وزارت مذہبی امور نے اگلے برس حج 2027 کے خواہشمند افراد کیلئے آن لائن ادائیگی کی سہولت فراہم کر دی ۔رپورٹ کے مطابق وزارت مذہبی امور کا حج آپریشن مکمل ہوگیا اور اگلے برس حج کے انتظامات کو ڈیجیٹل بناتے ہوئے نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے ڈیجیٹل حج نظام فعال کر دیا گیا ہے۔وزارت مذہبی امور نے آن لائن حج پورٹل نے ڈیڑھ لاکھ رجسٹریشن کا سنگ میل عبور کر لیا جب کہ وزیراعظم کی ہدایت پر حج واجبات کی آن لائن ادائیگی کا نظام بھی تیار کر لیا گیا ہے۔اس پیش رفت سے حج 2027 کی رجسٹریشن اب گھر بیٹھے چند کلکس میں ممکن ہو گی۔ رجسٹریشن سے ادائیگی تک حج نظام مکمل ڈیجیٹل ہوگا۔حج کے خواہشمند شہریوں کو اس سہولت کے بعد حج واجبات کے لیے بینک جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ وہ صرف ون لنک کے ذریعے حج واجبات گھر بیٹھے جمع کرا سکیں گے۔اس کے علاوہ سمندر پار پاکستانی بھی گھر بیٹھے حج رجسٹریشن اور ادائیگی کر سکیں گے۔ حج پورٹل میں درخواست کا اسٹیٹس بھی ایک کلک پر دستیاب ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی