پی ٹی آئی رہنما اور سابق معاونِ خصوصی زلفی بخاری نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت اور موجودہ نظا م بانی پی ٹی آئی کی صحت اور زندگی کے حوالے سے مسلسل حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور ان کا ہدف عمران خان کو آہستہ آہستہ نقصان پہنچانا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو میں زلفی بخاری نے شدید خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے خود اس بات کا واضح انکشاف کیا تھا کہ انہیں آہستہ آہستہ مارنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، یہ لوگ بار بار ٹیسٹ کرتے ہیں اور حالات کا جائزہ لیتے ہیں کہ اگر عمران خان کو کچھ ہوا تو کتنی عوام سڑکوں پر نکلے گی، مگر اس کے ساتھ ساتھ وہ مسلسل اور آہستہ آہستہ بانی پی ٹی آئی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے حکومت اور انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل ہسپتال لے جانے کا واضح حکم دیا تھا لیکن موجودہ رجیم انہیں زبردستی پمز ہسپتال لے گئی
اس معاملے پر ڈاکٹر فیصل سلطان کو بھی اندھیرے میں رکھا گیا اور دھوکہ دیا گیا اور یہ جہاں عمران خان کو لے کر گئے یہ وہی پمز ہسپتال ہے جہاں حال ہی میں نرسری میں آتشزدگی سے معصوم بچوں کی ہلاکت کا دردناک واقعہ پیش آیا ہے۔عمران خان کی صحت اور سماعت سے متعلق پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ 16 ستمبر کی تاریخ بہت دور ہے، اسی لئیعمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمی نے کیس کی جلد سماعت کے لئے عدالت سے رجوع کیا ہے، اگرچہ ایک درخواست مسترد ہوئی ہے لیکن دوسری درخواست جمع کرا دی گئی ہے کیوں کہ حکومت عدالتی احکامات پر عملدرآمد سے مسلسل بھاگ رہی ہے۔انہوں نے عمران خان کے حق میں آواز اٹھانے پر عالمی کرکٹرز اور بین الاقوامی میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کے سابق کپتان اور کرکٹ لیجنڈز عمران خان کیلئے بول رہے ہیں، جس پر قوم ان کی مشکور ہے، کیوں کہ پی سی بی کی جانب سے لارڈز میں شکایت درج کروانے کے باوجود سکائی سپورٹس نے عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان کا انٹرویو شائع کیا جو ایک قابلِ تعریف اور تحسین قدم ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی