وفاقی وزیر نجکاری عبد العلیم خان سے پاکستان مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری محمد ندیم پہلوان نے ملاقات کر کے وفاقی کابینہ میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی ۔ وفاقی وزیر عبد العلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اداروں میں اصلاحات کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے ، حکومت نجکاری کے عمل میں ملک و قوم کے مفاد کو پیش نظر رکھے گی ،اس عمل کو شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔ محمد ندیم پہلوان نے وفاقی وزیر عبد العلیم خان کی جانب سے بطور وفاقی وزیر تنخواہ نہ لینے کے اعلان پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملک کو درپیش گھمبیر چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قوم امید رکھتی ہے کہ نجکاری کے عمل میں ملک و قوم کے مفاد کو ترجیح دی جائے گی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر پیشرفت کی جائے گی ۔ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی