i پاکستان

حوالاتی فرارکیس ، اڈیالہ جیل کے انچارج سمیت 5 اہلکار وں کوحراست میں لے لیا گیا، 2 اعلی پولیس افسران کے خلاف کارروائیتازترین

June 30, 2026

اڈیالہ جیل کے 14 حوالاتیوں کے فرار کیس میں حکام نے وقوعہ کے وقت ڈیوٹی پر مامور جیل گارڈ کے انچارج سمیت 5 اہلکاروں کو حراست میں لے لیا ۔رپورٹ کے مطابق زیر حراست اہلکاروں کے موبائل فونز کا ڈیٹا اور کال ریکارڈ جانچا جا رہا ہے، فرار حوالاتیوں کی کہوٹہ کچہری میں ملاقاتوں اور ہتھکڑیوں سے متعلق تحقیقات بھی کی جا رہی ہے، قیدی وین پر تعینات اہلکاروں اور سرکاری اسلحے سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہے۔تحقیقات میں یہ جائزہ لیا جا رہا ہے کہ خطرناک حوالاتیوں کو عدالت لے جانے کے ایس او پیز پر عمل درآمد کیا گیا تھا یا نہیں، یاد رہے کہ گزشتہ شام 14 حوالاتی کہوٹہ عدالت میں پیشی کے بعد سہالہ کے قریب وین سے فرار ہو گئے تھے۔آئی جی پنجاب را عبدالکریم نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے، اور ایس پی ہیڈ کوارٹر مدثر اقبال کو عہدے سے ہٹا کر لاہور رپورٹ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے، جب کہ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر امتیاز احمد کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب نے آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی