امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے آغاز پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ ہفتہ کو امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ٹی20 ورلڈکپ کا آغاز ہو گیا ، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ میزبان امریکا کے خلاف 6 جون کو کھیلے گا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ٹی20 ورلڈکپ سے متعلق ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے لیے پیار اور جنون پایا جاتا ہے، گرمیوں میں بھی یہاں ہر جگہ کرکٹ کھیلی جاتی ہے۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے لیے محبت پاکستان اور امریکا میں مشترکہ ہے، امریکا پہلی بار کرکٹ ورلڈکپ کی میزبانی کررہا ہے، جب کہ حال ہی میں ہم نے اسلام آباد میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کی۔ ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ میں نے پاکستانی کرکٹ کھلاڑیوں سے بیٹنگ اور بالنگ کے گر سیکھے، مجھے امید ہیں ہمیں ورلڈکپ میں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے بابراعظم اور قومی ٹیم کو امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی