ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 سپاہی شہید ہوگئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 21 مارچ کو خودکش بمبار نے گاڑی فورسز کے قافلے سے ٹکرادی تھی۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس حادثے میں 38 سالہ نائب صوبیدار یاسر شکیل اور 34 سالہ سپاہی طاہر نوید نے جام شہادت نوش کرلیا، دونوں سپاہیوں کا تعلق کوہاٹ سے تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، سیکیورٹی فورسزدہشت گردی کی لعنت کوختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی