ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے رکھ ڈھو شیخانی میں نامعلوم ملزمان نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو سگے بھائی جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت پولیس کانسٹیبل غلام یاسین اور ان کے بھائی نعمت اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق مقتولین ایک نجی دعوت میں شرکت کے بعد شاہ صدر دین سے واپس ڈیرہ غازی خان آ رہے تھے کہ راستے میں ان پر حملہ کیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے فوری طور پر علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق غلام یاسین محکمہ پولیس میں بطور نائب کورٹ خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ ابتدائی شواہد کی روشنی میں واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔پولیس حکام نے کہا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے اور جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی