i پاکستان

ججز کا غائب ہونا عمران خان کیخلاف مقدمات جھوٹے ہونے کا ثبوت ہے، بیرسٹر سیفتازترین

June 12, 2025

مشیراطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ججز کا غائب ہونا عمران خان کے خلاف مقدمات کے جھوٹے ہونے کا ثبوت ہے۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف کے خلاف قائم تمام مقدمات جھوٹ پر مبنی ہیں اور ججز کا غائب ہونا اس کا واضح ثبوت ہے، اگر مقدمات میں عمران خان کے خلاف معمولی ثبوت بھی ہوتے تو ججز کو سٹریچر پر بھی عدالت میں پیش کیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ کبھی جج کا اور کبھی وکیل کا غائب ہونا جعلی مقدمات کو طول دینے کی ایک چال ہے، 26 ویں آئینی ترمیم نے ملک کے نظامِ انصاف کو جکڑ کر رکھ دیا ہے، اگر عدالتیں انصاف فراہم نہیں کرتیں تو سڑکوں پر آنا شہریوں کا حق ہے۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت نے گولی چلانے کی آخری چال بھی چلی ہے، اب عوام کا وہ خوف بھی ختم ہوگیا ہے اور دوبارہ نکلنے کے لئے تیار ہیں، جعلی حکومت نے عوام کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کر دیا ہے، عوام اپنے محبوب بانی کیلئے ہر وقت سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار ہیں۔صوبائی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اس بار احتجاجی تحریک کو سنبھالنا جعلی حکومت کے بس سے باہر ہوگا، عوام پوری تیاری کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے اور جعلی حکومت کی ہر فسطائی کارروائی کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی