i پاکستان

جماعت اسلامی کا وزیراعظم کو خط، کے فور پروجیکٹ کیلئے فوری فنڈز مختص کرنے کا مطالبہتازترین

July 01, 2025

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں کراچی کو جائز حصہ نہیں دیا گیا،وفاق کے فور منصوبے کیلئے 40 ارب روپے فوری مختص کرے، منصوبے کیلئے صرف 3.2 ارب روپے رکھنا زیادتی ہے۔ یہ بات امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کے فور منصوبے کے فنڈز مختص کرنے کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں کہی ہے ۔خط میں انہوں نے کہا کہ شہر کے 3.5 کروڑ عوام کو پانی کی قلت کا سامنا ہے، شہر کو روزانہ 1200 ملین گیلن پانی درکار ہے لین صرف 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے، وفاقی بجٹ میں کراچی کو جائز حصہ نہیں دیا گیا۔منعم ظفر خان نے کہا کہ K-4 منصوبہ بند کرنا شہر کے ساتھ زیادتی ہوگی، شہباز شریف نے 2021 میں کراچی کو پیرس بنانے کا وعدہ کیا تھا، اب شہباز شریف کے پاس وعدے نبھانے کا موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر قائد میں K-3 کے بعد اب تک کوئی بڑا آبی منصوبہ مکمل نہیں ہوا، K-4 منصوبے کا PC-II 2003 میں منظور ہوا تھا، پورے ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہر کے مسائل کے حل کے لیے ترقیاتی منصوبے دیئے جائیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی