اسلام آباد،راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار ہوگیا،محکمہ موسمیات کا کہنا ہیکہ اسلام آباد اور بالائی علاقوں میں آ ئندہ24گھنٹوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ مختلف مقامات پر بارش جبکہ چند علاقوں میں ژالہ باری ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کیمطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال،دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام اور بونیر میں بھی بارش کا امکان ہے،مالاکنڈ،مانسہرہ،ایبٹ آباد اورباجوڑ میں بھی بارش متوقع ہے جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔اسی طرح راولپنڈی، اٹک،چکوال،میانوالی،جہلم، گجرات اور لاہور میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے جبکہ گوجرانوالہ، مری اور گلیات میں بھی بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ ،بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں جاری بارش اور برفباری کا سلسلہ رک گیا، تاہم موسم سرد ہونے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ بارش اور برفباری نے دسمبر کے موسم کی یاد تازہ کردی جبکہ سرد ہوائوں کے باعث درجہ حرارت مزید کم محسوس کیا جا رہا ہے۔بارش اور برفباری کے بعد دریائے نیلم اور جہلم میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی جبکہ بالائی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔انتظامیہ کے مطابق وادی لیپہ سمیت دیگر بالائی علاقوں کی شاہراہوں پر پھسلن کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بالائی علاقوں کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی