i پاکستان

جوکام وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے کیا ہے وہ نوبل پیس پرائز سے اوپر کی بات ہے، رانا ثنا اللہتازترین

June 22, 2026

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں نے دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے بچالیا، جو کام وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کیا ہے وہ نوبل پیس پرائز سے اوپر کی بات ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں سے ایران امریکا معاہدے سے خطے میں امن کے قیام کی امید ہے، ممکنہ تیسری عالمی جنگ کی تباہی سے دنیا کو بچانے کے لئے امن کی کوششیں اہم ہیں، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے امن کی راہ ہموار ہوئی۔ایک سوال پرکہ کیا ثالثی کے بعدکیا نوبل پیس پرائز پاکستان کو ملنا چاہیے؟ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نوبل پیس پرائز کمیٹی ہی طے کریگی کہ کسے ملنا چاہیے، جو کام وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کیا ہے وہ نوبل پیس پرائز سے اوپر کی بات ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جنگی صورتحال کے خاتمے سے خطے میں استحکام آئیگا، عالمی معیشت کو فائدہ ہوگا، ایران پر پابندیاں ختم ہونے سے خطے میں توانائی کے منصوبے آگے بڑھ سکتے ہیں، ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ بحال ہونے سے توانائی بحران میں کمی کی امید ہے، توانائی کی فراہمی بہتر ہونے سے گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وفاقی حکومت آزادکشمیر الیکشن کے لیے بھرپور طریقے سے مدد کرے گی، آزاد کشمیرمیں فری اور فیئر الیکشن ہوں گے، آزاد کشمیر کے جتنے بھی مسائل ہیں وہ منتخب ہونے والی قیادت ہی حل کریگی، الیکشن کے لئے جو لوگ رکاوٹ بن رہے ہیں ان کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے بعد آزادکشمیر کی منتخب قیادت جو فیصلہ کرے گی پاکستان ان کے ساتھ چلے گا، جو بھی مسائل ہوں ان کا مذاکرات سے ہی حل نکلتا ہے، جب سیاستدان ٹیبل پر بیٹھتے ہیں تو بڑے سے بڑے مسائل کا حل نکل آتا ہے۔وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے چوتھی مرتبہ براہ راست اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے، اپوزیشن سے میری بات ہوئی ہے انہوں نے کہا وہ اس پر مثبت جواب دیں گے، وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں سے متعلق باتیں صرف قیاس آرائیاں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں سے متعلق ابھی تک کچھ نہیں کہا،کابینہ میں نہ اضافے کی بات ہوئی ہے نہ تبدیلی اور نہ ہی کمی کی، وزیراعظم کا اختیار ہے وہ جب چاہیں تبدیلی کرسکتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی