i پاکستان

کے پی، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارش و ژالہ باری کا سلسلہ جاری، کھڑی فصلیں، باغات اور املاک شدید متاثرتازترین

March 27, 2026

خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، قلات اور نوشکی سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے کھڑی فصلیں، باغات اور املاک شدید متاثر ہوئے جب کہ کوئٹہ چمن شاہراہ این 25 کے کئی مقامات پر ٹریفک متاثر ہے۔اس کے علاوہ پاراچنار، کرک، جنوبی وزیرستان اور ہنگو سمیت کے پی کے مختلف اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب کراچی کے شمالی اور مغربی علاقوں میں صبح سویرے بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے سندھ میں بارش برسانے والے نئے سسٹم کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت 29 مارچ تک صوبے کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کراچی میں کہیں کہیں ہلکی بارش اور بوندا باندی متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کے امکانات بھی موجود ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج 27 مارچ کو موسم میں عارضی وقفہ آئے گا، تاہم 28 اور 29 مارچ کو دوبارہ بارشوں کا امکان ہے۔شہر کا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جائے گا۔اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہے اور 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔مغربی ہوائہ ں کا سلسلہ برقرار رہنے کی وجہ سے انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تیز ہوائوں اور گرج چمک کے دوران شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی