پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے حکومت کی اعلا ن کردہ کفایت شعاری مہم کی خلاف ورزی کا انکشاف ہوا ہے، ان کے قافلے میں20 سے زائد گاڑیاں شامل ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں ۔میڈیارپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جیکب آباد میں تعزیت کیلئے پہنچے، ان کی آمد سے قبل انتظامیہ نے سکیورٹی کے نام پر سول ہسپتال روڈ پر قائم میڈیکل سٹورز سمیت تمام دکانیں بند کروا دیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب کہ اس دوران پیپلزپارٹی چیئر مین کی آمد کے موقع پر کفایت شعاری کے دعوں کی بھی قلعی کھل گئی
کیوں کہ ان کے قافلے میں 20 سے زائد گاڑیاں شامل تھیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے باعث شہر کے مختلف راستے بند کیے گئے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو مشکلات پیش آئیں، اچانک کیے جانے والے ان اقدامات کی وجہ سے ناصرف کاروباری سرگرمیاں معطل ہوئیں بلکہ پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوگئی، پانی کی ٹنکی بند کیے جانے سے گھروں تک پانی پہنچانے والے افراد بھی بے روزگار ہوگئے جس سے سینکڑوں خاندان متاثر ہوئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی