سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے 10 دہشت گرد ہلاک کردئیے گئے جبکہ ایک کیپٹن مادرِ وطن پر قربان ہو گئے،سکیورٹی فورسز نے 12مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد مارے گئے۔ہنگو میں دہشت گردوں نے فائرنگ کے تبادلے کے دوران مسجد میں پناہ لے لی، خوارج نے مسجد کی حرمت کو پامال کرتے ہوئے اسے پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن حمزہ اکرم جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور شہید ہو گئے، 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم کا تعلق ضلع نارووال سے تھا۔ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک خوارج سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگو میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن رد الفتنہ 3 میں بلوچستان کے علاقے کمبیلہ اورعاصم آباد میں فتنہ الہندوستان کے3 دہشت گرد جہنم واصل کردئیے گئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسزنے کمبیلہ اورعاصم آباد میں سرچ اینڈ سینی ٹائزیشن آپریشن کرکے68 مربع کلومیٹرعلاقہ کلیئرکرالیا، کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے جبکہ 2لاشیں بھی برآمد کی گئیں۔
سکیورٹی فورسزکی کارروائی میں4 دہشت گرد زخمی ہوئے جن میں دہشت گرد سرغنہ شوکت ماما بھی شامل ہے، آپریشن کے دوران12 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کرکے فتنہ الہندوستان کے جھنڈے ہٹادیئے گئے، آپریشن رد الفتنہ 3 دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہنگو میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران کیپٹن حمزہ اکرم شہید کو بہادری، جرات اور فرض شناسی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتن الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، ملک و قوم کے دفاع اور امن و سلامتی کے لئیہماری بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں خارجی دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حمزہ اکرم کو خراج عقیدت پیش کیا اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔اس کے علاوہ سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 12 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کرکے فتنہ الہندوستان کے جھنڈے بھی ہٹا دیئے گئے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی