i پاکستان

خیبرپختونخوا کا بجٹ آج،پنجاب کا16جون کو پیش ہوگاتازترین

June 12, 2025

وفاق کی طرح خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کا مالی سال 26-2025 کے بجٹ کا ڈرافٹ مکمل کر لیا گیا ، جو آج 13 جون(جمعہ) کو پیش کیا جائے گا۔ آئندہ مالی سال کا بجٹ 2070 ارب روپے کا ہو گا ۔بجٹ کی اہم تفصیلات کے مطابق جاری اخراجات کے لیے 1352 ارب روپے مختص کیے جانے اورتنخواہوں کے لیے 680 ارب روپے ، پنشن کے لیے 200 ارب روپے رکھے جائیں گے جبکہ تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کا امکان ہے۔بجٹ میں نان سیلری اخراجات کے لیے 520 ارب روپے مختص کیے جائیں گے اس کے علاوہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبے کو 1148 ارب روپے ملنے کی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بجٹ میں نیٹ ہائیڈل پرافٹ کی مد میں 108 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے جبکہ آئل اینڈ گیس کی مد میں 55 ارب روپے حاصل ہوں گے اور وار آن ٹیرر کے تحت صوبے کو 138 ارب روپے ( 1فیصد کے تناسب سے )ملنے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق رواں سال کے مقابلے میں بجٹ میں 416 ارب روپے کا اضافہ متوقع ہے ۔محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے گی۔ بجٹ کی حتمی منظوری کابینہ اجلاس کے بعد دی جائے گی۔دوسری جانب پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ16جون کو پیش ہوگا۔بجٹ میں میں تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے اور تعلیم کے لیے 110 ارب روپے زیادہ رکھے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگے گا، صحت پر 90 ارب روپے زیادہ رکھے جائیں گے، کسانوں کو گندم، چاول کے بیج اور کھاد کے لیے اضافی فنڈز مہیا کیے جانے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی