i پاکستان

خواجہ آصف کا موجودہ نظام کو ہائبرڈ ماڈل کہنا پاکستان میں دکھاوے کی جمہوریت کی عکاسی کرتا ہے،پی ٹی آئی کے قیدرہنمائوں کی وزیر دفاع پر تنقیدتازترین

June 24, 2025

جیل میں قید پی ٹی آئی رہنمائو ں نے کہا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کا موجودہ نظام کو ہائبرڈ ماڈل کہنا پاکستان میں دکھاوے کی جمہوریت کی عکاسی کرتا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، پنجاب حکومت کے سابق وزرا ڈاکٹر یاسمین رشید اور میاں محمود الرشید، سینیٹر اعجاز چوہدری اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کوٹ لکھپت جیل سے اپنے مشترکہ کھلے خط میں کہا ہے کہ خواجہ آصف کا ہائبرڈ نظام کے بارے میں بیان جمہوریت کی توہین ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس بیان کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کی تائید حاصل تھی کیونکہ وہ(خواجہ آصف) ان کے بڑے ترجمان ہیں۔مشترکہ خط میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ان کے بیان سے متفق نہیں ہیں کیونکہ وہ حقیقی جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنماں نے کہا کہ گزشتہ برس 8 فروری کو پاکستانی عوام نے ان کی پارٹی کو واضح مینڈیٹ دیا تھا، تاہم پاکستان مسلم لیگ (ن)میں اقتدار کی ہوس بہت زیادہ تھی، الیکشن کمیشن اور عبوری حکومت کی ملی بھگت اور دھوکا دہی کے ذریعے فارم 47 حکومت وجود میں آئی، جسے اب ہائبرڈ طرز کی حکومت کہا جا رہا ہے۔پی ٹی آئی رہنمائوں نے مزید کہا کہ کیا یہ توہین کافی نہیں تھی کہ وزیراعظم پاکستان نے عجلت میں آکر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کر دیا

سفارش کے اگلے ہی روز ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر امریکیوں نے ایران پر بمباری کر دی۔خط میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کہاں کھڑا ہے امریکیوں کو یہ معلوم تھا کیونکہ وزارت خارجہ کے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان غزہ میں نسل کشی اور ایران پر اسرائیل کے مسلط کردہ جنگ کی مذمت کرتا ہے۔ آج پاکستان کے عوام غزہ اور ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔تحریک انصاف کے جیل میں قید رہنمائوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ آج ہر شخص افسوس کر رہا ہوگا کہ یہ کیا ہوا؟ امریکی ہمارے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں اور پاکستانی حکومت کی جانب سے اس کی مذمت کے اعلانات محض دکھاوا ہیں، یہ سب کچھ صرف عوام کو مطمئن کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے، کیا واقعی ایسا ہے؟ اگر ہاں، تو ہمیں اپنے آپ پر شرمندگی ہونی چاہیے۔پی ٹی آئی کے اسیر رہنمائوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان دوبارہ کسی جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ نہیں بنے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی ضیا الحق اور سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں افغانستان جنگ کے دوران بہت زیادہ نقصانات اٹھا چکے ہیں۔ مشترکہ خط میں واضح کیا گیا کہ وہ غزہ اور ایران کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مکالمے، تنا ئومیں کمی اور پر امن طریقے سے ساتھ رہنے پر یقین رکھتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی