i پاکستان

خطے میں کشیدگی کے خاتمے کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے امن کیلئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا،محسن نقویتازترین

June 16, 2026

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ آمد ہوئی جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے اہم ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ایران امریکہ مفاہمت کے بعد خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔دونوں رہنمائو ں نے ایران امریکہ مفاہمت کو خطے کے استحکام و امن کیلئے خوش آئند قرار دیا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے ایران امریکہ مفاہمت پر پاکستان کے مخلصانہ کردار کو سراہا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران امریکہ مذاکرات اور اس حوالے سے حکومتی اقدامات پر امیر جماعت اسلامی پاکستان کو اعتماد میں لیا۔

ملاقات میں امیر جماعت اسلامی نعیم الرحمان نے صومالیہ میں پھنسے پاکستانیوں کا معاملہ بھی اٹھایا اور وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ حکومت محصور پاکستانیوں کی فوری اور بحفاظت بازیابی کیلئے اپنا مثر سفارتی کردار ادا کرے۔ملاقات میں ملکی معیشت کی بہتری اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایران امریکہ مفاہمت کے حوالے سے پاکستان کے تاریخی کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پورے خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوئی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے امن کے لئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا، خطے میں کشیدگی کے خاتمے کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے، اللہ تعالی کے حضور سربسجود ہیں کہ ہماری حقیر کاوشوں کو قبول فرمایا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی