i پاکستان

ختم نبوت کے معاملے پر چیف جسٹس کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے، نون لیگتازترین

February 23, 2024

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ ختم نبوت کے معاملے پر چیف جسٹس کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے اسے ختم ہونا چاہئے۔ سینٹ کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ختم نبوت کا معاملہ انتہائی حساس ہے چیف جسٹس کو لے کر پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔ بعض لوگ اس معاملے کو چیف جسٹس کے خلاف استعمال کررہے ہیں۔ نکتہ اعتراض پر بحث کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو ایک دوسرے کے خلاف لڑانے کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ عمران خان نے آئی ایم ایف کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ وہ انتخابات کے حوالے سے تحقیقات کرائیں یہ طریقہ انتہائی غلط ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں جو لوگ امداد دے رہے ہیں یہ سلسلہ چلتا رہے۔ سینیٹر علی ظفر نے اس معاملے پر بات کی ہے کیا وہ آئی ایم ایف کو خط لکھ کر چوبیس کروڑ عوام کی تذلیل کرنا چاہتے ہیں۔ آئی ا یم ایف کے بغیر ملک کیسے چلے گا۔ ہم ہر دور میں آئی ایم ایف کے پاس گئے اگر آئی ایم ایف رقم نہیں دے گا تو ملک کا کیا ہوگا۔ 2018 میں حکومت والوں نے آئی ایم کو کوئی خط نہیں لکھا تھا آئی ایم ایف کو خط لکھنا انتہائی افسوسناک عمل ہے۔ میں کہتا ہوں انہیں اس معاملے پر نظر ثانی کرنی چاہئے سیاست سب کا حق ہے لیکن اسے جس طریقے سے ملک کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے یہ نہیں ہونا چاہئے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ آئی ایم ایف نے اگر رقم روک لی تو پھر کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا اپنی ذات سے بالاتر ہو کر ملک کے لئے سوچنا ہوگا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی