کوئٹہ میں ڈپٹی کمشنر کے آفس کے باہر چارجماعتی اتحاد کی جانب سے گزشتہ دو ہفتوں سے زائد عرصے تک جاری دھرنا ختم کردیا گیا،حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف بی این پی، پی کے میپ، نیشنل پارٹی اورایچ ڈی پی کا دھرنا 17روز سے جاری تھا، کوئٹہ میں چارجماعتی اتحاد کے احتجاجی کیمپ میں اتحادمیں شامل چاروں جماعتوں کے محض چند کارکن موجود تھے تاہم احتجاجی کیمپ کے باعث ڈی سی آفس کے سامنے انسکمب روڈ ٹریفک کیلئے بند کیا گیا تھا، انسکمب روڈ بند ہونے سے لیاقت پارک اور فیاض سنبل چوک سے سول اسپتال جانے والے راستے بھی بند تھے، سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا،مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ انتخابات کے نتائج فارم 45کے مطابق تیار کئے جائیں اور ان کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے بصورت دیگر وہ احتجاجی تحریک کو وسعت دیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی