تھانہ کہوٹہ میں کھلی کچہری کے دوران موصول ہونیوالی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے بڑا اقدام اٹھایا ہے اور شہری پر منشیات کا غلط مقدمہ درج کرنے پر سب انسپکٹر کو معطل کر کے چارج شیٹ جاری کر دی ۔سب انسپکٹر عبدالقیوم کے خلاف یہ شکایت موصول ہوئی تھی کہ اس نے ایک شہری کے خلاف منشیات کا جھوٹا اور غلط مقدمہ درج کیا ہے۔ اس سنگین غفلت اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر سی پی او نے سخت نوٹس لیتے ہوئے سب انسپکٹر کو معطل کیا۔علاوہ ازیں، ناقص کارکردگی پر ایس ایچ او کہوٹہ انسپکٹر ندیم الطاف کو بھی کلوز لائن کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کا کہنا تھا کہ اختیارات کے ناجائز استعمال کی قطعا کوئی گنجائش نہیں ہے اور ناقص کارکردگی کے حامل افسران اپنے عہدوں پر رہنے کے اہل نہیں ہیں۔انہوں نے مزید واضح کیا کہ میرٹ اور بہتر سروس ڈیلیوری اولین ترجیح ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی