پاکستان مارشل آرٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام قوتِ نسواں مارشل آرٹس بوٹ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں مارشل آرٹس اور ہنگامی حالات میں دفاع کی تربیت کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی ذاتی حفاظت کو یقینی بنانے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ خیبر میڈیکل کالج پشاور میں منعقدہ تربیتی کیمپ میں خیبر پختونخوا کے مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والی دوسو سے زاٸدطالبات اور پیشہ ور خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ فی میل فزیشنز سوسائٹی پاکستان سے وابستہ لیڈی ڈاکٹرز نے بھی اس کیمپ میں شرکت کی، یہ اقدام آٸی ایف ایم ایس اے پاکستان کے صدر محمد زید کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت پاکستان مارشل آرٹس ایسوسی ایشن کے تعاون سے 2028 تک دس ہزار میڈیکل طلبہ اور پیشہ ور افراد کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ تربیتی سیشنز کی قیادت چیف ٹرینر سینسائی انوار محی الدین نے کی، جنہیں سینئر انسٹرکٹرز چوہدری حنظلہ، سمیہ محی الدین، ماہین شعیب اور حوریہ فیصل کی معاونت حاصل تھی۔ فی میل فزیشنز سوسائٹی پاکستان کی صدر پروفیسر ڈاکٹر علینہ بادشاہ نے بوٹ کیمپ کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے شرکاء کے جذبے اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی