i پاکستان

کراچی ،13 سالہ بچی کی شادی کرانے کی کوشش پر والدین سمیت دیگر افراد گرفتار ،مقدمہ درجتازترین

June 14, 2025

کراچی میں کم عمر لڑکی کی شادی کرانے کی کوشش پر لڑکی کے چچا اور دلہا سمیت دیگرافراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔پولیس کے مطابق سول لائن پولیس اور وومن چائلڈ پروٹیکشن سیل نے ہجرت کالونی میں مشترکہ کارروائی کے دوران 13 سالہ لڑکی کی شادی کی کوشش ناکام بنا دی ۔ پولیس نے کم عمر لڑکی کی شادی کرانے کے الزام میں والدین سمیت دیگر افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ۔ترجمان ڈسٹرکٹ سائوتھ پولیس کے جاری اعلامیے کے مطابق ہجرت کالونی میں کم عمر بچی کی شادی کی کوشش وومن چائلڈ پروٹیکشن سیل اور ساتھ پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث ناکام بنا دی گئی ۔اطلاع موصول ہونے پر وومن چائلڈ پروٹیکشن سیل نے فوری طور پر ایس ایس پی ساوتھ مطہور علی سے رابطہ کر کے صورتحال سے آگاہ کیا، جس پر انہوں نے سول لائن پولیس کو ہدایات جاری کیں اور بعدازاں وومن چائلڈ پروٹیکشن سیل نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر حقائق کا جائزہ لیا۔ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ 13 سالہ لڑکی کا نکاح کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے

تاہم پولیس کی بروقت کارروائی کی وجہ سے نکاح کا عمل نہیں ہوسکا ۔ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم نے اہلخانہ سے سرکاری دستاویزات طلب کیں، جس کی مدد سے بچی کی عمر محض 13 برس پائی گئی ۔ پولیس نے نوعمر لڑکی کے بیان اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر لڑکی کے چچا اور دلہا سمیت دیگرافراد کو گرفتار کر کے مقدمہ نمبر 97 سال 2025 بجرم دفعات 3/5 سندھ چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ اور 511 کے تحت درج کرلیا ۔ایس ایس پی سائوتھ کا کہنا ہے کہ پولیس بچوں کے تحفظ اور غیر قانونی رسم و رواج کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھے گی ۔پولیس کے مطابق کم عمر لڑکی کے والد کا انتقال ہوگیا ہے اور وہ اپنے چچا کے گھر پر رہتی تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی