i پاکستان

کراچی، 16 سالہ لڑکی کی گلے میں پھندا لگاکر خودکشی،ورثا کاپوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کرانے سے انکارتازترین

September 08, 2026

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں 16 سالہ لڑکی نے گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔تفصیل کے مطابق لیاقت آباد کے علاقے 6 نمبر حنفیہ مسجد کے قریب گھر سے لڑکی کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی ، جاں بحق ہونے والی لڑکی کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی لڑکی کی شناخت 16 سالہ نویرہ دختر سرفراز کے نام سے کی گئی، ابتدائی معلومات کے مطابق لڑکی نے گھریلو رنجش کے بعد خودکشی کی ہے۔ورثا نے پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کرانے سے انکار کردیا، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔ دوسری جانب سرجانی ٹاون کے علاقے سیکٹر 7/B جامع مسجد حسنین کے قریب مکان نمبر L /31 کی چھت پر پانی کی ٹینکی سے 2 ماہ کی بچی کی لاش ملی، جسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، مقتولہ کی شناخت نور فاطمہ کے نام سے کی گئی۔مقتولہ کے والد محمد علی نے ایکسپریس کو بتایا کہ وہ گارمنٹ کمپنی میں کام کرتا ہے، مقتولہ سے قبل اس کے دو بیٹے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب 4 بجے تک وہ بچی کے ساتھ کھیل رہا تھا اس کے بعد وہ سوگیا کہ الصبح اس کی بیوی نے اسے اٹھایا کہ منی کہاں گئی، اس نے اٹھ کر پورے گھر میں تلاش کیا لیکن بچی نہیں ملی، شور شرابہ سن کر پڑوسی آگئے اور انہوں نے کہاں کہ چھت پر ٹنکی میں دیکھو، جب ہم نے ٹنکی میں جا کر دیکھا تو بچی کی لاش اوپر ہی تیر رہی تھی۔علاقہ مکینوں نے پولیس کو اطلاع کی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر بچی کے والد اور والدہ سے بیان لیا، جس جگہ سے لاش ملی تھی اس ٹنکی کا جائزہ لینے کے بعد ایدھی کی ایمبولینس طلب کر کے بچی کی لاش اسپتال کے لیے روانہ کی۔جاں بحق ہونے والی بچی کی والدہ ڈاکٹروں سے ضد کر رہی تھیں کہ ان کی بیٹی کے پیٹ سے پانی نکال دو ہو سکتا ہے وہ بچ جائے لیکن ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ مکمل معائنہ کر لیا ہے، بچی میں بلکل سانس نہیں ہے۔والدہ کا کہنا تھا کہ پولیس نے بچی کی لاش اسپتال لانے میں بہت دیر کی اگر بچی کو بروقت اسپتال پہنچایا جاتا تو وہ بچ سکتی تھی جبکہ ان کا کہنا تھا کہ ان کی بچی کو جس نے پانی کی ٹینک میں ڈالا اس کے خلاف پولیس کو قانونی کارروائی کرنی چاہیے، انہیں یقین ہے کہ ان کی بچی کو قتل کیا گیا ہے تاہم قتل کس نے کیا اس حوالے سے انہوں نے خاموشی اختیار کر لی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی