i پاکستان

کراچی ،ا یف آئی اے نے تارکین وطن کو دستاویزات بنوانے میں سہولت کاری کرنیوالا اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ گرفتارکرلیاتازترین

April 10, 2026

کراچی میں ایف آئی اے نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی تارکین وطن کی سہولت کاری پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ کو گرفتار کرلیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے کے اینٹی ہیومن اسمگلنگ سرکل نے صدر پاسپورٹ آفس میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی تارکین وطن کو دستاویزات بنوانے میں مدد فراہم کرنے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹر(اے ڈی) عامر علی لاشاری کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق، مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کی موجودگی کا سراغ لگایا گیا۔

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم عامر علی لاشاری غیر قانونی تارکین وطن کو پاکستانی دستاویزات فراہم کرنے میں ملوث تھا۔ ملزم نے افغان شہری نعمت اللہ کے پاسپورٹ پراسیس میں غیر قانونی طور پر سہولت کاری کی۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم اپنی تعیناتی کے دوران کلیئرنس کانٹر پر فرائض انجام دے رہا تھا، جہاں اس نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کو عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا، جبکہ نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی