کراچی میں شدید گرمی اور حبس کے دوران اسکیم 33 سیکٹر 18 اے اور اطراف کی متعدد رہائشی سوسائٹیوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث ہزاروں شہری مشکلات کا شکار ہوگئے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق بجلی کی بندش کے باعث یونیورسٹی، پیلی بھیت، گوالیار، پی سی ایس آئی آر، کوئٹہ ٹائون، نیو انچولی سمیت متعدد رہائشی سوسائٹیاں تاریکی میں ڈوب گئیں۔بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شدید گرمی اور حبس میں بزرگوں، بیمار افراد، بچوں اور خواتین کو شدید دشواری کا سامنا ہے جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہزاروں روپے کے اضافی ٹیکسز سمیت بھاری بھرکم بجلی کے بل ادا کرنے کے باوجود بجلی کی فراہمی معطل کردی گئی ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کے حوالے سے متعلقہ دفتر میں شکایت درج کرانے کی کوشش کی گئی تاہم شکایت تک درج نہیں کی جارہی۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی فراہمی فوری بحال کی جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ یا فنی خرابی کی صورت میں صارفین کو بروقت آگاہ کیا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی